پاکستان مسلم لیگ کی جمیعت علماءِ اسلام (ف) کے رہنما و سابق ایم پی اے پر دہشتگرد حملے کی مذمت
اسلام آباد
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے چارسدہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق ایم پی اے مولانا محمد ادریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ کو قومی سانحہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے حملے میں مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مولانا محمد ادریس کا جرات مندانہ موقف درحقیقت پوری قوم کی آواز تھا، اور ملک دشمن عناصر ہمیشہ پاکستان دوست شخصیات سے خائف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کی شہادت ایک بڑا سانحہ اور نہایت افسوسناک واقعہ ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمن، جامعہ حقانیہ کے اساتذہ اور طلبہ سے بھی دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے امید ظاہر کی کہ اس حملے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

